ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پریشان ڈیوڈ کیمرون کبھی وزیراعظم تھے مگر!،اقتدار کیا گیا کہ زندگی بھی روٹھ گئی

پریشان ڈیوڈ کیمرون کبھی وزیراعظم تھے مگر!،اقتدار کیا گیا کہ زندگی بھی روٹھ گئی

Sat, 27 Aug 2016 15:49:43    S.O. News Service

لندن،27؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)طاقت انسانی زندگی کی ایک نمایاں علامت سمجھی جاتی ہے۔ برطانیہ کے سابق مرد آہن ڈیوڈ کیمرون بھی کسی دور میں اپنے ملک کی طاقت ور ترین شخصیت تھے مگرآج ان کی مفلوک الحالی پر رونا آتا ہے۔ ایک وہ وقت تھا جب ڈیوڈ کیمرون ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں نکلتے تو ان کے آگے پیچھے ان کے حاشیہ برداروں کا جلوس ہٹو بچو کے نعرے لگا رہا ہوتا۔ پولیس اہلکار چاروں اطراف سے انہیں گھیرے میں لیے رکھتے اور صحافیوں کا انبوہ کثیر ان کی ایک ایک بات نوٹ کرنے کے لیے اس تاک میں رہتا کہ کب وزیراعظم زبان سے کوئی بات کریں اور وہ اسے اپنے رپورٹ کرسکیں۔ مگراقتدار کے دن رخصت ہوتے ہی ڈیوڈ کیمرون سے جیسے زندگی ہی روٹھ گئی ہے۔اخبار ڈیلی میل نے ڈیوڈ کیمرون نے ایک تازہ تصویر شائع کی ہے جس میں موصوف کو ساحل سمندر کے قریب کسی پلیٹ فارم پر بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ ان کے گرد چند مسافر مردو خواتین بھی موجود ہیں مگر ان کے بیچ بیٹھے ڈیوڈ کیمرون نہیں لگتا کہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ ان کی وضع قطع، لباس اور چہرے کے تاثرات بتاتے ہیں کہ وہ بہت تھکے ہارے اور پریشان ہیں۔ ہاتھ میں اٹھائی ایک رکابی میں سے کچھ اٹھا کر کھا رہے ہیں۔ کھانے میں مچھلی اور ٹماٹر کے چند ٹکڑوں کے سوا کچھ نہیں۔ محسوس ہوتا ہے کہ بھوک نے بھی خوب نڈھال کر رکھا ہے۔ ننگے پاؤں، چہرے پر مایوسی کیگہرے بادل ان کی پریشانی کا واضح ثبوت ہیں۔ان کے قریب ایک خاتون جس کا چہرہ دوسری خاتون کے سامنے آنے کے باعث پہچانا نہیں جا سکتا سابق خاتون اول سامنھتا بتائی جاتی ہیں۔ ان کی حالت بھی اپنے شوہر سے کسی بھی طور پر کم پریشان نہیں۔ان کے قرب جوار میں بیٹھے شہری اپنے حال میں گم ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ ان کے پہلو میں کسی دور کے تاج برطانیہ کے سابق وزیراعظم بیٹھے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ ڈیوڈ کیمرون نے 13جولائی کو اس وقت وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب برطانیہ میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں عوام نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علاحدگی کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ کیمرون ذاتی طورپر یورپی یونین سے علاحدگی کے حامی نہیں تھے۔


Share: